ریاض (نیوز ڈیسک)سعودی عرب نے سنگل اور ملٹی پل انٹری وزٹ ویزا رکھنے والے افراد کے لیے ویزا توسیع کا عمل مزید آسان بناتے ہوئے آن لائن درخواست کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اب سنگل انٹری اور ملٹی پل انٹری وزٹ ویزوں کی مدت میں توسیع کے خواہشمند افراد گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔
محکمہ جوازات کا کہنا ہے کہ یہ سہولت سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے بھی دستیاب ہے، جس کے ذریعے وزٹ ویزا کی توسیع سے متعلق کارروائی آن لائن مکمل کی جاسکے گی۔
حکام کے مطابق ویزا توسیع کے لیے درخواست گزاروں کو ابشر پلیٹ فارم استعمال کرنا ہوگا، جہاں ضروری مراحل مکمل کرکے درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔
نئی آن لائن سہولت کے باعث وزٹ ویزا میں توسیع کے لیے متعلقہ دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہوگی اور درخواست دینے کا عمل زیادہ سہل اور تیز بنانے میں مدد ملے گی۔



















































