لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس سی میں غیرملکی لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کی گئی جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ لڑکی کی شناخت آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ ڈیانا کے نام سے ہوئی ہے جو چند روز قبل لاہور آئی تھی۔پولیس نے بتایا کہ ڈیانا نامی لڑکی کو 2 نامعلوم لڑکیاں ورغلا کر پہلے کیفے لے گئیں،جہاں لڑکیوں کے 3 مرد دوست پہلے سے موجود تھے، کیفے میں وقت گزارنے کے بعد ملزمان غیر ملکی لڑکی کو فلیٹ پر لے گئے۔فلیٹ پر غیر ملکی لڑکی کو نشہ آور چیز پلا کر 3 افراد نے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان رات بھر لڑکیوں کو مبینہ جنسی حوس کا نشانہ بنانے کے بعد ائیر پورٹ کے پاس چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
مقدمے کے مطابق ملزمان آئی فون اور دوسرا قیمتی موبائل فون بھی ساتھ لے گئے، پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی۔ایس پی کینٹ عثمان عزیزنے بتایا کہ ڈیفنس سی میں آذربائیجان کی شہری خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر 3 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے پولیس کی کارروائی شروع کی ہے، ملزمان پر مبینہ طور پر خاتون کو نشہ آور دوا پلا کر زیادتی کرنے کا الزام ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں،
سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع سے ملزمان کی شناخت اور تلاش جاری ہے، ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



















































