جدہ (این این آئی) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نیا آن لائن اپائنٹمنٹ نظام متعارف کرا دیا گیا،
یکم اکتوبر 2026سے نادرا اور ایم آر پی سروسز صرف اپائنٹمنٹ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔قونصل جنرل جدہ سید مصطفی ربانی نے نئے نظام کا افتتاح کیا جس کا مقصد قونصلر سروسز کو مزید منظم اور شہریوں کیلئے آسان بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن اپائنٹمنٹ کی بکنگ 20ستمبر سے شروع کردی گئی ہے جس کے تحت شہری قونصل خانے کا دورہ کرنے سے پہلے اپنی سہولت کے مطابق دستیاب تاریخ اور وقت کا انتخاب کرسکتے ہیں۔اپائنٹمنٹ کنفرم ہونے کے بعد درخواست گزار کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع اور ٹریکنگ آئی ڈی فراہم کی جائے گی،
جس کے ذریعے اپائنٹمنٹ کا اسٹیٹس چیک کیا جاسکے گا۔ شہری آن لائن اپائنٹمنٹ بک، دیکھ یا منسوخ بھی کرسکیں گے۔قونصل خانے نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر 2026سے نادرا اور ایم آر پی سروسز صرف اپائنٹمنٹ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی تاخیر سے بچنے کے لیے اپنی اپائنٹمنٹ پہلے سے بک کرلیں۔حکام کے مطابق نئے نظام کا مقصد قونصل خانے میں رش، طویل قطاروں اور انتظار کے وقت کو کم کرنا ہے، جبکہ مخصوص ٹائم سلاٹس کے باعث شہریوں کے لیے قونصل خانے کا دورہ مزید منظم اور قابلِ پیش گوئی ہونے کی توقع ہے۔قونصل خانے نے شہریوں کی رہنمائی کیلئے 012-6689149، 055-8577893، 055-8606308 اور 050-1914472 ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے ہیں۔



















































