اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں ہنر مند بنانے کے لیے ’ہنرمند پنجاب، خودمختار پاکستان‘ وژن 2030 کے تحت ایڈوانس آئی ٹی پروگرام کے چوتھے بیچ کے لیے داخلوں کا آغاز کردیا۔
حکام کے مطابق پروگرام میں شریک نوجوانوں کو مختلف جدید ڈیجیٹل مہارتوں، فری لانسنگ اور آن لائن عالمی مارکیٹ میں کام کرنے کے لیے مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔پنجاب حکومت نے اس منصوبے کے ذریعے مجموعی طور پر 10 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پروگرام میں ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے تاکہ نوجوان اپنی دلچسپی اور قابلیت کے مطابق مہارت حاصل کرسکیں۔جاری معلومات کے مطابق ایڈوانس آئی ٹی پروگرام میں 26 سے زیادہ کورسز شامل ہیں، جن میں مختلف ڈیجیٹل اور آئی ٹی اسکلز کی تربیت دی جائے گی۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو مقامی ملازمتوں کے ساتھ ساتھ آن لائن اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا ہے۔
پروگرام میں داخلہ لینے والے امیدواروں سے تربیت کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ میرٹ پر کامیاب امیدواروں کے لیے اسکالرشپ کارڈ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔حکام کے مطابق چوتھے بیچ میں نشستوں کی تعداد محدود ہے، اس لیے پروگرام میں شرکت کے خواہشمند نوجوانوں کو مقررہ وقت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنا اس منصوبے کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔پروگرام کے ذریعے فری لانسنگ کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ نوجوان عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں اپنی خدمات پیش کرکے آمدن کے متبادل ذرائع پیدا کرسکیں اور معاشی طور پر زیادہ خودمختار بن سکیں۔



















































