اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک مبینہ اعلامیہ وائرل ہو رہا تھا، جس میں موبائل فون ٹیکس میں کمی اور درآمد کنندگان و صارفین کے لیے نئی ہدایات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ تاہم پی ٹی اے نے اس حوالے سے واضح طور پر تردید کر دی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں پی ٹی اے کے ترجمان نے کہا کہ زیر گردش معلومات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور اتھارٹی کی جانب سے اس نوعیت کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ جھوٹی اور غیر مصدقہ خبروں کو آگے پھیلانے سے اجتناب کریں۔
پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ موبائل فونز، ٹیکس یا دیگر پالیسی امور سے متعلق مستند معلومات کے لیے صرف اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ہی انحصار کریں۔
Fake Notification Alert
Islamabad, (22 January, 2026): A fake notification is circulating on social media regarding an alleged reduction in mobile taxes and instructions for mobile phone importers and consumers. This information is entirely false and misleading.
PTA has issued… pic.twitter.com/8KGGXohjUQ
— PTA (@PTAofficialpk) January 22, 2026















































