اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) وفاقی دارالحکومت اور دیگر صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کے لیے محکمہ ایکسائز پنجاب نے سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ اب ایسے افراد معمولی فیس ادا کر کے اپنی گاڑیاں پنجاب میں رجسٹرڈ کرا سکیں گے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق پنجاب میں رجسٹریشن کے لیے ضروری ہوگا کہ گاڑی جس صوبے یا وفاق میں پہلے سے رجسٹرڈ ہے، وہاں سے این او سی حاصل کیا جائے۔ اس کے بعد گاڑی کی منتقلی اور رجسٹریشن کا عمل پنجاب میں مکمل کیا جا سکے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ دوسرے صوبوں اور اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان اب اپنی گاڑیاں باآسانی پنجاب منتقل کرا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسائز کا عملہ آن لائن سسٹم کے ذریعے گاڑی کا ریکارڈ چیک کرے گا اور تصدیق کے بعد پنجاب کا رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائے گا۔ڈی جی ایکسائز کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے اس مقصد کے لیے جدید سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ رواں ماہ لاہور سمیت صوبے بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کا باضابطہ آغاز کر دیا جائے گا۔















































