اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان سمیت عالمی سطح پر چاندی کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے باعث قیمتی دھاتوں کی منڈی ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئی ہے۔ عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سرمایہ کاروں کی توجہ سونے اور چاندی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر مرکوز ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں 7.5 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی اونس قیمت بڑھ کر تاریخ کی بلند ترین سطح 93 ڈالر تک پہنچ گئی۔ عالمی رپورٹس کے مطابق چاندی کی قیمتوں میں موجودہ تیزی کا سلسلہ سال 2025 سے شروع ہوا تھا اور صرف گزشتہ 13 ماہ کے دوران اس کی قدر میں 210 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔ادھر پاکستان میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 86 ہزار 162 روپے کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی ہے، جبکہ عالمی منڈی میں سونا فی اونس 4 ہزار 638 ڈالر میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔اسی طرح چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک میں گزشتہ روز چاندی کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 9 ہزار 575 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جس نے خریداروں اور سرمایہ کاروں دونوں کو حیران کر دیا ہے۔















































