اسلام آباد — شیر افضل مروت نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے بہرام اور علی امین گنڈاپور کے درمیان ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا تھا۔ مروت کے مطابق وہ اپنے کمسن بیٹے کے ساتھ ایک بار کے پی ہاؤس گئے، جہاں علی امین گنڈاپور نے بچے سے پوچھا کہ اسے کیا چاہیے۔ بہرام نے فوراً جواب دیا کہ اسے آئی فون چاہیے، جس پر علی امین نے اپنی جیب سے دس لاکھ روپے نکال کر اسے دے دیے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور بطور وزیراعلیٰ مدد طلب کرنے والوں کے ساتھ ہمیشہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے تھے اور رقم دیتے ہوئے کبھی تردد نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کو پیسے دینے پر انہوں نے منع بھی کیا لیکن علی امین نے بات نہ مانی۔
شیر افضل مروت کے مطابق اس واقعے کے بعد جب بھی وہ کے پی ہاؤس کے قریب سے گزرتے، بہرام علی امین سے ملنے کی خواہش ظاہر کرتا تھا۔ دونوں کی فون پر بھی بات چیت ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ خود کسی سے مالی مدد قبول نہیں کرتے، لیکن علی امین کا بہرام کے ساتھ خاص پیار ہے، اور وہ ہر ملاقات میں اسے کم از کم ایک لاکھ روپے ضرور دیتے ہیں۔ مروت کے بقول، علی امین گنڈاپور کسی طور کنجوس نہیں۔















































