اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان آٹو شو (PAPS) 2025 کے دوران پاک سوزوکی نے اپنی نئی کومپیکٹ ایس یو وی “فرانکس (Fronx)” کی سرکاری طور پر رونمائی کردی۔ یہ ایونٹ 14 سے 16 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گا۔
نئی سوزوکی فرانکس کو 1.5 لیٹر پیٹرول انجن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جو 103 ہارس پاور اور 138 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے۔ گاڑی میں 4 اسپیڈ آٹو میٹک ٹرانسمیشن دی گئی ہے جبکہ 37 لیٹر کا فیول ٹینک بھی شامل ہے۔ انفوٹینمنٹ سسٹم کے طور پر 9 انچ ٹچ اسکرین، اینڈرائیڈ آٹو اور ایپل کار پلے کی سہولت موجود ہے۔
ڈرائیور کے لیے معاون فیچرز میں کروز کنٹرول، ہِل ہولڈ کنٹرول (HHC) اور 360 ڈگری کیمرا شامل کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لحاظ سے گاڑی میں 6 ایئربیگز، اے بی ایس بریکنگ سسٹم اور پارکنگ سینسرز فراہم کیے گئے ہیں۔
کیبن میں آرام دہ ڈرائیونگ کے لیے ڈیجیٹل کلائمٹ کنٹرول، پچھلی نشستوں کے لیے اے سی وینٹس، وائرلیس چارجنگ اور ملٹی فنکشن اسٹیئرنگ وہیل شامل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تمام خصوصیات عالمی ماڈل کے مطابق بیان کی گئی ہیں، جبکہ پاکستان میں دستیاب ورژن میں کچھ فیچرز مختلف بھی ہوسکتے ہیں۔















































