اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایپل نے 9 ستمبر کو اپنی نئی آئی فون 17 سیریز متعارف کرائی تھی جس کی فروخت 19 ستمبر سے دنیا بھر میں شروع ہوئی۔ تاہم، لانچ کے کچھ ہی دن بعد صارفین نے اس سیریز کے حوالے سے ایک بڑے مسئلے کی نشاندہی کی ہے۔کئی صارفین نے آئی فون 17 کو ’’اسکریچ میگنیٹ‘‘ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سیریز کے کچھ ماڈلز بہت آسانی سے خراشوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ فروخت شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی سوشل میڈیا پر آئی فون 17 ایئر، 17 پرو اور 17 پرو میکس کی ایسی تصاویر وائرل ہوئیں جن میں بیک سائیڈ پر خراشیں واضح نظر آ رہی تھیں۔ایکس (ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی جس میں آئی فون 17 پرو میکس کے بیک پر نمایاں خراشیں موجود تھیں اور اسے ’’اسکریچ گیٹ‘‘ کا نام دیا۔
اسی طرح ایک اور صارف نے آئی فون 17 ایئر کی تصویر اپ لوڈ کی اور ڈیوائس کو ’’اسکریچ میگنیٹ‘‘ کہا۔مزید برآں، ایک یوٹیوبر نے اپنے ویڈیو ٹیسٹ میں آئی فون 17 ماڈلز کو چاقو، سکریو ڈرائیور، لائٹر، سکے اور چابیوں سے آزمایا، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ خاص طور پر اورنج اور بلیو رنگ کے پرو ماڈلز خراشوں کے خلاف زیادہ کمزور ہیں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ لانچ ایونٹ کے دوران ایپل نے دعویٰ کیا تھا کہ پرو ماڈلز کے بیک پر موجود ’’سرامکس شیلڈ‘‘ ڈیوائس کو تین گنا زیادہ اسکریچ پروٹیکشن فراہم کرتا ہے۔فی الحال ایپل نے اس شکایت کے حوالے سے کوئی سرکاری ردعمل نہیں دیا۔