اسلام آباد (نیوز ڈیسک)شہباز شریف حکومت کے ابتدائی 16 ماہ میں حاصل کیے گئے قرضوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2025 کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر مقامی اور بیرونی قرضے بڑھتے ہوئے جون 2025 تک وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 77 ہزار 888 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ فروری 2024 میں یہ قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا۔
دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2025 تک حکومت کے مقامی قرضوں میں 11 ہزار 796 ارب روپے اور بیرونی قرضوں میں 1282 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ فروری 2024 تک مرکزی حکومت کا اندرونی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا جو جون 2025 میں بڑھ کر 54 ہزار 471 ارب روپے ہوگیا۔ اسی طرح، بیرونی قرضہ جو فروری 2024 میں 22 ہزار 134 ارب روپے تھا، وہ جون 2025 میں بڑھ کر 23 ہزار 417 ارب روپے تک جا پہنچا۔مزید یہ کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2025 تک پاکستان پر مجموعی قرضے اور واجبات بڑھ کر 94 ہزار 197 ارب روپے ہوگئے۔ صرف مالی سال 2024-25 کے دوران ہی ملکی قرضوں اور واجبات میں 8 ہزار 740 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔