اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اپریل 2025 کے دوران ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ ماہ فی تولہ سونا 20 ہزار 800 روپے مہنگا ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 45 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 17 ہزار 832 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد اس کی قیمت 2 لاکھ 96 ہزار 467 روپے ہو گئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قدر میں نمایاں بہتری آئی۔ عالمی سطح پر فی اونس سونا 192 ڈالر بڑھ کر 3 ہزار 276 ڈالر پر بند ہوا، جو کہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔