کراچی(این این آئی)زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی نسبت ڈالر تگڑا رہا۔کرنٹ اکائونٹ مسلسل 5ماہ سرپلس رہنے کے بعد جنوری کے دوران خسارے میں آنے، درآمدات بڑھنے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباو کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی روپے کی نسبت ڈالر تگڑا رہا۔
جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ ایک بار پھر 281روپے سے تجاوز کرگئے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر میں ایک موقع پر 03پیسے کی کمی سے 279روپے 23پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں قدرے بہتری آتے ہی معیشت میں ذرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 10پیسے کے اضافے سے 279روپے 36پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 10پیسے کے اضافے سے 281روپے 08پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔