کراچی(این این آئی)آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ دسمبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.370 ملین ٹن رہی جو دسمبر 2023 کی فروخت 3.539 ملین ٹن کے مقابلے میں 4.76 فیصد کم رہی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق اس دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ 49.35 فیصد اضافہ سے 7 لاکھ 83ہزار 550 ٹن ریکارڈ کی گئی جو دسمبر 2023 کے دوران 5لاکھ 24ہزار 656 ٹن رہی تھی۔اعداد وشمار میں کہا گیا کہ دسمبر 2024 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 4.154 ملین ٹن رہی جو دسمبر 2023 کی مجموعی فروخت 4.063 ملین ٹن سے 2.23 فیصد زائد رہی۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت مقامی اور برآمدات سمیت 22.933 ملین ٹن رہی جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں 23.881 ملین ٹن کے مقابلے میں 3.97 فیصد کم ہے۔اس عرصے کے دوران مقامی سیمنٹ کی فروخت 18.122 ملین ٹن رہی جبکہ پچھلے سال اسی عرصے میں یہ 20.228 ملین ٹن تھی، جو 10.41 فیصد کی کمی کا مظہر ہے۔اسی طرح اس دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 31.69 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں موجودہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں برآمدات کا حجم 4.810 ملین ٹن رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران یہ 3.653 ملین ٹن تھا۔