کراچی(این این آئی)17 ہفتوں میں تسلسل سے زرمبادلہ کے بڑھتے ہوئے سرکاری ذخائر، مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی اور مثبت معاشی اشاریوں کے باعث جمعہ کو دوسرے دن بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔آئی ایم ایف کے پہلے ریویو کے بعد جاری قرض پروگرام کے علاوہ ایک ارب ڈالر کے کلائمیٹ چینج فنانسنگ کی سہولت دینے کے عندیے، آزربائیجان کی پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری دلچسپی جیسیعوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالرکی قدر تنزلی سے دوچار رہی۔
ایک موقع پرڈالر کی قدر 38پیسے کی کمی سے 277 روپے 57 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اس دوران سپلائی بہتر ہونے اور محدود پیمانے پر طلب آنے سے کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20 پیسے کی کمی سے 277 روپے 75 پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 17پیسے کی کمی سے 278 روپے 77پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔