واشنگٹن (این این آئی )ڈونلڈ ٹرمپ کے آتے ہی بٹ کوائن کی قدر آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بٹ کوائن کی قیمت 90 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی ہے جس کی بڑی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ صدارتی انتخابات میں جیت ہے۔ سرمایہ کار پر امید ہیں کہ ٹرمپ کی انتظامیہ کرپٹو کرنسی کی صنعت کو سپورٹ کرے گی، جس سے مانگ اور قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی ڈالر کا انڈیکس 0.07 فیصد بڑھ کر 105.49 ہو گیا ہے، جو 3 جولائی کے بعد سے اس کا بلند ترین مقام ہے۔ یہ انڈیکس یورو سمیت چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کی پیمائش کرتا ہے۔ اس کا مطلب یورو، جاپانی ین، پانڈ سٹرلنگ، کینیڈین ڈالر، سویڈش کرونا، اور سوئس فرانک جیسی دیگر کرنسیوں کے مقابلے ڈالر مضبوط ہو رہا ہے۔ایک بٹ کوائن 89 ہزار 637 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جو کہ تقریبا 7.44 لاکھ روپے ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ایک بٹ کوائن کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔