لاہور( این این آئی )پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں جہاں معیشت کے حوالے سے ایمر جنسی کا نفاذ نا گزیر ہو چکا ہے ،نئے مالی سال کے پہلے ماہ ملکی برآمدات ماہانہ بنیادوں پر 23.95 فیصد کم ہو ئی ہیں جو تشویش کا باعث ہے
، اگر اس رجحان کو نہ روکا گیا تو مسائل مزید گھمبیر ہو جائیں گے ۔ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار،جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین،ممبران امانت بشیر،ایس اے جعفری اورمیاں شہر یار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ معیشت سے جڑے شعبوں کو الگ الگ کر کے ان کیلئے اہداف رکھے جائیں ، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا، ٹیکسیشن کے نظام میں اصلاحات لانا ہوں گی ، برآمدات جو ہماری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ان میں استحکام نہیں ، ڈالر کی اونچی اڑان کو روکنے کے لئے کوئی میکنزم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے حوالے سے ایمر جنسی کا نفاذ کرے اور اس کے لئے خود مختار اتھارٹی بنائی جائے جس میں اسٹیک ہولڈرز ، ملکی اور غیر ملکی معاشی ماہرین کو شامل کیا جائے اور ان سے باضابطہ سٹڈی رپورٹ تیار کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام شعبوں میں اتنا پوٹینشنل ہے کہ ہم اس وقت جتنا ٹیکس اکٹھا کر رہے ہیںاس سے کئی گنا زائد اکٹھا کیاجا سکتا ہے اس کے لئے صرف اپنی سمت کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔