لاہور (آن لائن) شہر کے رمضان بازاروں میں آٹے کی فروخت کے تنازعے پر لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک پنجاب کے درمیان ٹھن گئی۔ جس پر ضلعی انتظامیہ نے شہر کے رمضان بازاروں میں آٹے کی فراہمی کے لئے رمضان بازاروں پر پہنچنے والے آٹے کے ٹرکوں سے آٹا آف لوڈکرنے کی اجازت دینے سے
انکار کردیا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کا موقف تھا کہ فلور ملو سے پہنچنے والا آٹا شہر کے مختلف چوراہوں پر ٹرک کھڑے کر کے فروخت کیا جائے گا جبک محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ فراہم کیا گیا آٹا رمضان بازاروں میں رکھ کر فروخت کیا جائے گا۔ دونوں محکمہ جات کی باہمی چپقلش کی وجہ سے رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کی بڑی تعداد آٹا نہ ملنے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہوگئی اور حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے نظر آئی۔ فلور ملو سے آٹے کے بیگ رمضان بازاروں میں لانے والے ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ انہیں ہدایات ملی ہیں کہ وہ ٹرکوں پر آٹا رمضان بازار لے جائیں اور آٹے کے بیگ کو ضلعی انتظامیہ کے سپرد کر کے واپس آجائیں دونوں محکموں کے درمیان چپقلش کا سلسلہ کئی گھنٹے جاری رہا اور شہری بغیر آٹا خریدے مایوس ہو کر گھروں کو واپس لوٹ گئے ۔