کراچی(این این آئی)کراچی ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں شاہراہ پاکستان پر واقع گلبرگ کے ایک نجی بینک میں واردات کرنے والے ملزمان نے اے ٹی ایم مشین ہی اکھاڑ پھینکی اور واردات کے دوران کیش ٹرے ہی ساتھ لے گئے پولیس کے مطابق 18 لاکھ روپے سے زائد لوٹے گئے۔ڈی ایس پی ایڈمن ویسٹ زون ناصر بخاری کے مطابق واردات بدھ کی صبح ساڑھے چار سے
پانچ بجے کے درمیان ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہوسکا جس کے لیے بینک انتظامیہ کی جانب سے اے ٹی ایم مشین اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی فراہمی کا انتظار ہے۔پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان اے ٹی ایم مشین میں داخل ہوئے جنہوں نے ٹیکنیکل واردات کے لیے 5 سے 6 منٹ تک لگائے اور اے ٹی ایم مشین اکھاڑ دی اور مشین کی دو کیش ٹرے لوٹ کر فرار ہوئے۔ ملزم نے تیسری ٹرے کھولی، جس میں 5 ہزار کی رقم دیکھ کر ٹرے وہیں چھوڑ دی۔بینک انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز بینک کی کلوزنگ کے وقت 18 لاکھ روپے سے زائد رقم ڈالی گئی تھی۔پولیس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسی کے تحت بینکوں میں رات کو سیکورٹی گارڈز نہیں ہوتے جس بنیاد پر ملزمان کو اے ٹی ایم کی واردات کرنے کا موقع ملا۔ملزم نے منٹوں میں واردات مکمل کی لیکن بینک کا الارم نہیں بجا اور بینک انتظامیہ بے خبر رہی۔ انتظامیہ کے مطابق بینک میں کوئی سیکیورٹی گارڈ رات کے اوقات میں تعینات نہیں تھا۔ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضی تبسم کے مطابق نامعلوم ملزم نجی بینک کی اے ٹی ایم کی ٹرے نکال کر فرار ہوگیا۔ واردات صبح 4 سے 5 کے درمیان پیش آئی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے،جس کے مطابق اے ٹی ایم میں ایک ملزم4 بج کر 50 منٹ میں داخل ہوا اور مشین کے پیچھے بیٹھ کر 10 منٹ تک مشین کھولنے کی کوشش کی۔ وہ 5 بجے مشین کی ٹرے کھولنے میں کامیاب ہوا۔ملزم نے 5 بج کر 5 منٹ تک واردات کی وہ اے ٹی ایم کی 2 ٹرے نکالنے میں کامیاب رہا، ملزم نے منہ پر نقاب اور ہوڈی پہنے ہوا تھا۔پولیس کے مطابق اس امر کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ مشین سے چھیڑ چھاڑ یا اکھاڑنے کے دوران کوئی الارم کیوں نہیں بجا۔