لاہور(این این آئی) اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبے میں غیر قانونی پیٹرول پمپس کا گورکھ دھندا بے نقاب کرلیا، 495 غیرقانونی پیٹرول پمپس کی نشاندہی کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کا کہنا ہے کہ صوبے میں495 غیرقانونی پیٹرول پمپس کی
نشاندہی کی گئی ہے جبکہ اینٹی کرپشن نے 202 پیٹرول پمپس کی چیکنگ بھی مکمل کرلی۔انہوں نے بتایا کہ 154پمپ سیل اور دیگر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بیشتر فیول اسٹیشنز پر ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے اقدامات نہیں ہیں، ان پیٹرول پمپس کا کسی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے معاہدہ نہیں ہے، یہ پیٹرول پمپس اسمگلنگ کا پیٹرول بیچ کر اربوں کا نقصان کررہے ہیں۔ڈی جی اینٹی کرپشن نے مزید کہا کہ پیٹرول پمپس پر کیروسین کے ساتھ ڈیزل مکس کر کے بیچا جارہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف 2 بڑی کارروائیاں کر کے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی تھی۔ اس سے قبل اینٹی کرپشن پنجاب نے پاکپتن میں 496 کنال زرعی زمین واگزار کروائی تھی جس کی مالیت 15 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔