اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلسل 2 روز غیر یقینی صورتحال کے بعدپاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ، 100 انڈیکس میں 722.48 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال کے باعث
حصص مارکیٹ میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پیسے لگانے سے گریزاں ہیں جس کے باعث مسلسل ایک ہفتے کے دوران اتار چڑھا ئودیکھنے کو مل رہا ہے، جس کے باعث انڈیکس 40 ہزار کی نفسیاتی حد کھو بیٹھا تھا۔رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 190.12 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ دوپہر بارہ بجے تک تیزی 265.09 پوائنٹس تک پہنچ گئی تھی۔کاروبار میں تیزی کا تسلسل اگلے گھنٹوں میں بھی دیکھنے کو ملا، دوپہر دو بجے کے قریب انڈیکس 732.82 پوائنٹس بڑھ گیا تھا۔تاہم پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 722.48 پوائنٹس کی سطح پر ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 39849.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.85 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی اور 27 کروڑ 1 لاکھ 14 ہزار 188 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے بعد سرمایہ کاروں کو 120 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچا۔