لاہور(این این آئی )تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے ماہ اگست میں برآمدات میں غیر متوقع طور پر 19.5فیصد کمی کے ساتھ ساتھ درآمدات میں بھی20فیصد کمی اور تجارتی خسارہ میں 20.6فیصد
اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدکنندگان کے معاملات کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ سے حکومتی زرمبادلہ میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوسکے اور ملک معاشی استحکام کی راہوں پر گامزن ہو۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ صنعتی شعبہ میں بجلی گیس کی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء مہنگی اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک ان کی مانگ میں کمی سے ملکی برآمدات کمی کا شکار ہیں جس سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائے جائے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوسکے۔