اسلام آباد (این این آئی)امریکی کی جانب سے وینٹی لیٹرز کی فراہمی کا معاملہ،امریکہ نے ایک سو وینٹی لیٹرز پاکستان کو فراہم کر دیئے۔ترجمان امریکی سفارت خانہ کے مطابق وینٹی لیٹرز کی کھیپ کراچی پہنچ گئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو میں وینٹی لیٹرز کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔کورونا سے نمٹنے کیلئے امریکہ اب تک پاکستان کو 27 ملین ڈالر کی امداد فراہم کر چکی ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ وینٹیلٹرز این ڈی ایم اے کے ممبر آپریشنز بریگیڈیئر وسیم الدین نے کراچی ائیر پورٹ پر وصول کیے، امریکی کونسل خانہ کے ڈپٹی قونصل جنرل جان جوزف ہیلمئیر نے ونٹیلیٹرز این ڈی ایم اے کے حوالے کیے۔ امریکی ڈپٹی کونسل جنرل نے کہاکہ وینٹیلٹرز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کو کورونا کے خلاف مددکے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔ جان جوزف ہیلمئیر نے کہاکہ امریکہ کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے،ان 100 وینٹیلیٹرز کی مالیت 3 ملین ڈالرز ہے۔ جان جوزف ہیلمئیر کے مطابق یہ عطیہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے کئے گے وعدے کی تکمیل ہے۔ ممبر این ڈی ایم اے کے مطابق یہ وینٹیلٹرز کورونا کے خلاف معاون ثابت ہونگے،یہ ونٹیلیٹرز پورے ملک میں ضرورت کے مطابق تقسیم کیے جائیں گے۔بریگیڈیر وسیم الدین کے مطابق کورونا کے حساس مریضوں کو وینٹیلٹرز سے طبی سہولت ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ این ڈی ایم اے پورے ملک میں کورونا کے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔