لاہور( این این آئی )نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایک بار پھر پٹرول کی قلت پیدا کر دی، شہر کے بیشتر پمپس پر پٹرول ختم ہو گیا جس کے بعد شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیٹرول کی طلب کے مطابق رسد ممکن نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے بیشتر پیٹرول پمپس نے فروخت بند کردی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی
جانب سے سپلائی متاثر ہونے پر پاکستان اسٹیٹ آئل کو نجی کمپنیوں کا بوجھ بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ پی ایس او کے پمپس پر پیٹرول دستیاب ہونے کی وجہ سے شہریوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں ۔پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق لاہور کو روزانہ 28 سے 30 لاکھ لٹر پٹرول درکار ہے تاہم نجی کمپنیوں کی جانب سے بروقت سپلائی نہ ہونے سے 5 سے 8لاکھ لٹر پٹرول کی کمی کا سامنا ہے۔