اسلام آباد ( آن لائن ) عیدالفطر کے موقع پر سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور دیگر تمام بینک آج جمعہ 22 مئی تا بدھ 27 مئی 2020ء بند رہیں گے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ دیگر بینک اور مالیاتی ادارے 27 مئی (بدھ کو) اپنی مخصوص برانچز کھول سکتے ہیں۔عیدالفطر کے موقع پر 6 روزہ طویل چھٹیوں کے دوران عوام کو بینکاری کی مخصوص سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بینکوں اور مالیاتی اداروں کی انتظامیہ 27 مئی کو مختلف تجارتی اور کاروباری مراکز پر
مخصوص برانچز کھولنے کے فیصلہ میں خود مختار ہیں۔واضح رہے کہ چھٹیوں کے دوران آر ٹی جی ایس سسٹم اور این آئی ایف ٹی کے تحت کلیئرنگ کی سہولت دستیاب نہیں ہو گی تاہم 28 مئی جمعرات این آئی ایف ٹی کے تحت برانچز سے کلیئرنگ کے کاغذات وصول کئے جائیں گے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مندرجہ بالا تاریخ کو بینکاری کی سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ برانچز میں ضروری عملہ کی تعیناتی کے اقدامات کئے جائیں۔