کراچی(این این آئی)رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران پی آئی اے کا خسارہ 21 ارب روپے سے کم ہو کر 5 ارب روپے پر آگیا ہے جب کہ اپریشنل نقصانات میں بھی 76 فیصد کمی آئی ہے۔وزارتِ ہوا بازی میں پی آئی اے کی طرف سے جمع کرائی گئی مالی رپورٹ میں بتایا گیا ہے
کہ پی آئی اے میں اصلاحات کے عمل کے ساتھ ساتھ کفایت شعاری مہم کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، پی آئی اے نے خلیجی ممالک سعودی عرب سمیت دیگر منافع بخش روٹ میں اضافے کی وجہ سے بھی ریونیو میں اضافہ ہوا۔رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں قومی ائیر لائن کے خسارے میں بڑی کمی آئی اور خسارہ 21 ارب روپے سے کم 5 ارب روپے پر اگیا ہے جب کہ پی آئی اے کو رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں ریونیو کی مد میں 44فیصد اضافہ رہا اور آپریشنل نقصانات میں بھی 75 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔وزارت ہوا بازی میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے 30 جون 2019 کے درمیان پی آئی اے کی کارکردگی میں شاندار رہی۔ پی آئی اے کو 6 ماہ میں نیٹ آپریٹنگ خسارے کی مد میں 48.7 فیصد کی کمی واقع ہوئی یے، رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کے خسارے میں بجٹ کے مقابلے کے حساب سے 36 فیصد کمی ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2018 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کو 38ارب 50 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا جو کہ اب 32 ارب رہ گیا۔ 2018 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کو 65 ارب 70 کروڑ 23 لاکھ روپے جب کہ 2019 کے پہلے 6 ماہ میں 94 ارب 73 کروڑ 80 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی، اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال قومی ایئر لائن کی آمدنی میں 29 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔