اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے مقامی منڈی میں ٹماٹر کے ہوش ربا اضافے کے پیش نظر ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران سے ایک مہینے کے لیے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔مذکورہ فیصلہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی (ایم این ایف ایس)، درآمد کنندگان ، وزارت تجارت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کیا گیا۔ایم این ایف ایس کے وفاقی سکریٹری محمد ہاشم پوپلزئی نے ملاقات کے بعد بتایا کہ ہاں ، ہم نے ایران سے ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلے کے مطابق درآمد کنندگان کو گھریلو
مارکیٹ میں فروخت کے لیے تین سے چار ہفتوں تک ایران سے ٹماٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔اگرچہ حکومت نے خریداری کے لیے کوٹے کی وضاحت نہیں کی تاہم ٹماٹر درآمدات کے لیے 13 دسمبر کی ڈیڈ لائن طے کی ہے۔دوسری جانب حکومت کو یقین ہے کہ سندھ سے اگلے دو سے تین ہفتوں میں ٹماٹر اور پیاز کی نئی فصل مارکیٹ میں آجائے گی۔ اس دوران ایران سے درآمدات کسی حد تک اس خلا کو پْر کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔توقع ہے کہ اگلے چار دن میں ٹماٹر پاکستان پہنچ جائیں گے۔پاکستان کی جانب سے تفتان بارڈر پر ٹماٹروں کی ترسیل کے لیے ایران کا محکمہ سرٹیفکیٹ پیش کریگا۔