اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ حکومت نے اگست کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ایسے وقت میں مزید اضافہ کر دیا ہے جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی ہے لہٰذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لے کیونکہ اس سے کاروبار کی لاگت مزید بڑھے گی۔
جس سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہو ں گی جبکہ عام آدمی جو پہلے ہی مہنگائی تلے دبا ہوا ہے اس کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میںخام تیل کی قیمت میں اپریل سے اگست تک 14فیصد کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ 28اپریل 2019کو خام تیل کی قیمت 72ڈالر فی بیرل تھی جو اب کم ہو کر 61.89ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے ۔ ان حالات میں حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی کرتی لیکن بجائے عوام کو ریلیف دینے کے حکومت نے ان کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے جو بلا جواز ہے۔ انہوںنے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ حکومت تمام پیٹرولیم مصنوعات پر 17فیصد جنرل سیلز ٹیکس بھی وصول کر رہی ہے جبکہ فی لیٹر پیٹرول پر 14روپے اور فی لیٹر ڈیزل پر 18روپے بطور پیٹرولیم لیوی بھی چارج کیا جا رہا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت نے ان مصنوعات کو ٹیکس ریونیو جمع کرنے کا اہم ذریعہ بنایا ہوا ہے جو عوام کیساتھ زیادتی ہے۔احمد حسن مغل نے کہا کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکس وصول کرنے پر اس وقت کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے تھے لیکن اب اقتدار میں آ کر وہ بھی اسی روش پر چل رہے ہیں جس سے کاروباری اداروں اور عوام پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیٹرول گاڑیوں کے علاوہ بعض صنعتوں میں استعمال ہوتا ہے جبکہ ڈیزل ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے میں استعمال ہوتا ہے لہذا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے پیداواری، زرعی اور ٹرانسپورٹ شعبوں کیلئے کاروبار کی لاگت میں مزید اضافہ ہو گا اور عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑے گا۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار میں آنے
کے بعد پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے جس وجہ سے پاکستان میں پچھلے چھ سال میں پہلی مرتبہ افراط زر 10فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے سے ہماری مصنوعات مزید مہنگی ہوں گی جس سے ہماری برآمدات متاثر ہوں گی اور معیشت غیر مستحکم ہو گی لہذا انہوںنے پر زور مطالبہ کیا کہ حکومت عوام و معیشت کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے قیمتوں
میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے۔حکومت نے اگست کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 5.15روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.65روپے، لائٹ ڈیزل آئیل کی قیمت میں8.9روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5.38روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جس سے پیٹرول کی قیمت بڑھ کر 117.83روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 132.47روپے، لائٹ ڈیزل آئیل 97.52روپے اور مٹی کا تیل 103.84روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔