فیصل آباد(آن لائن) پاکستان میں خام مال کی فراوانی کے باوجود ہنر مند افرادی قوت کی کمی سے برآمدات میں اضافہ ممکن نہیں ہو رہا لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت فوری طور پر ہنرمند لیبر فورس اور بین الاقوامی معیار اختیارکرے تاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ ٹیکسٹائل کو پاکستان کی برآمدات میں کلیدی اہمیت حاصل ہے جبکہ اس سلسلہ میں یہاں خام مال کی
بہتات بھی ہے مگر ہنر مند افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے برآمدات میں اسی تناسب سے اضافہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے فوری اور ضروری اقدامات اٹھانے چاہئیں اسی طرح برآمدی مال کی تیاری میں ممنوعہ کیمیکل کے استعمال سے اجتناب کے علاوہ اس سلسلہ میں معیاری ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں ایس جی ایس کی لیبارٹریاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں کیونکہ انکے سرٹیفکیٹس کو پوری دنیا میں تسلیم کیاجاتا ہے۔