پشاور(آن لائن) پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں نانبائیوں نے آٹے کی قیمت میں اضافے اورضلعی انتطامیہ کی جانب سے روٹی کی قیمت نہ بڑھانے کے خلاف ہڑتال کر دی ہے‘جمعرات کے روز صوبائی دارالحکومت پشاور میں تمام تندوربند رہے۔تفصیلات کے مطابق پشاورسمیت صوبے بھر میں نانبائیوں نے انجمن پختونخوا نانبائی ایسوسی ایشن کال پر ہڑتال کر دی‘ذرائع کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے سبب شہر میں روٹی ناپید ہو گئی۔
جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔نانبائی ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے آٹا اور گیس مہنگی کر دی‘آٹے کی قیمت فی کلو 10 روپے بڑھ گئی ہے، نقصان کی بجائے کاروبار بند کرنا بہتر ہے، کاروبار میں مزید نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے۔نانبائیوں کا موقف ہے کہ 150 گرام روٹی 12 روپے میں فروخت کرنے پر اتفاق طے پایا تھا، انتظامیہ نے تاحال اعلامیہ جاری نہیں کیا، ہڑتال غیر معینہ مدت کیلئے ہو گی۔