اسلام آباد(آن لائن) قطر پاکستان سے ایک لاکھ تھیلے چاول درآمد کرے گا، قطر کی سنٹرل ٹریڈنگ کمیٹی نے اس سلسلہ میں باضابطہ ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں مختلف ممالک سے پاکستان سے چاول کی برآمد میں رواں سال اضافے کا امکان ہے اور قطر کے نجی شعبہ کی طرف سے پاکستان سے بہت کم مقدار میں چاول درآمد کیا جارہا تھا لیکن حکومت پاکستان کی کوششوں کی وجہ سے اب قطر کی مارکیٹ پاکستان سے چاول کی
درآمد کیلئے اوپن ہو گئی ہے۔قطر کی سرکاری سنٹرل ٹریڈنگ کمیٹی نے اس سلسلہ میں ٹینڈر جاری کردیا ہے۔ قطر کی سنٹرل ٹریڈنگ کمیٹی ہر دو ماہ بعد 5 ہزار ٹن سے زائد کااعلیٰ معیار کا چاول درآمد کرتی ہے۔ قطر کی مارکیٹ اوپن ہونے سے پاکستان سے چاول کی برآمد بڑھنے کیساتھ ساتھ مجموعی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔ پاکستان سے سالانہ 2 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا چاول برآمد کیا جاتاہے اور حکومت اسے آئندہ 5سالوں کے دوران 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی خواہاں ہے۔