کراچی( آن لائن ) گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 3.13 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر 160.05 سے کم ہو کر 156.92 روپے کا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 3.13 روپے کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ ہفتے ڈالر 160.05 سے کم ہو کر 156.92 روپے کا ہوگیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قطر سے 50 کروڑ اور 10 کروڑ ڈالر ترسیلات سے روپے کی قدر 2 فیصد بڑھی۔رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر 4 روپے سستا ہوا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 161 سے کم ہو کر 157 روپے ہوگئی۔اس سے قبل 29 جون کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا تھا، ڈالر کی قدر بڑھنے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔24 سے 28 جون کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 156.83 سے بڑھ کر 160.05 روپے ہوگئی تھی۔ اس ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 164.05 کی بلند ترین سطح تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ جون کے پورے ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان ریکارڈ کی گئی تھی۔ مجموعی طور پر جون میں انٹر بینک میں ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔ایک ماہ میں ڈالر 147 روپے 92 پیسے سے مہنگا ہو کر 160 روپے 5 پیسے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔ ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہونے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔