اسلام آباد(آن لائن) پاکستان میں پلاسٹک کی مقامی مارکیٹ سالانہ15فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے، جنوبی ایشیا کے ممالک میں پاکستان پلاسٹک کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ ماحولیات کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پلاسٹک مصنوعات کی تیاری، استعمال اور پلاسٹک کے کچرے کو مناسب طریقہ سے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے تمام شراکت داروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی۔انہوں نے کہا کہ دیگر پلاسٹک مصنوعات
کے علاوہ پیٹ بوتلوں کے سکریپ کو ٹھکانے لگانے اور اس کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کیلئے ڈبلیو ڈبلیو ایف اورماحولیات کے عالمی اداروں کی ہدایات پر عملدرآمد ضروری ہے تاکہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی پلاسٹک کی مقامی مارکیٹ کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کا استعمال بڑھتا جارہا ہے جس سے پلاسٹک کے سکریپ میں بھی آئے روز اضافہ ہورہا ہے جس کو جدید ٹیکنالوجی سے ٹھکانے لگانے سے ماحولیات کے شعبہ کو تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔