کراچی(این این آئی) عالمی بینک نے کہاہے کہ پاکستان کوٹیکسوں میں اضافے اور نئے ٹیکسوں کے اطلاق کی ضرورت نہیں، موجودہ ٹیکسوں سے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ورلڈبینک نے پاکستانی ٹیکس نظام پر ریسرچ پیپر جاری کردیاہے، عالمی بینک نے اپنی رپورٹ پاکستان ریونیو موبلائزیشن پراجیکٹ پیپر میں کہاہے کہ پاکستان کو ٹیکس وصولیاں بہتر بنانے اور ٹیکس کلچر کے فروغ کی ضرورت ہے۔عالمی بینک نے کہاکہ پاکستان میں ٹیکس وصولیوں کاتناسب جی ڈی پی کے 26
فیصد تک ہوسکتاہے، پاکستان میں ٹیکس ادارے صرف آدھا ٹیکس وصول کر پاتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ عالمی بینک پاکستان کو ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے پروجیکٹ کیلئے مالی معاونت فراہم کررہا ہے، پروگرام کیلئے عالمی بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن نے پاکستان کو40کروڑ ڈالر بھی فراہم کئے ہیں، پروگرام ایف بی آر نے لاگو کیا تھا۔عالمی بینک پیپر کے مطابق ایف بی آر کو اندورنی مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث ٹیکس وصولیوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔