لاہور(این این آئی )لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت کے فروغ کی وافر گنجائش ہے۔ جنوبی افریقہ پاکستان کوکیمیکل ، گولڈ،میٹل اور مشینری سمیت بہت سی اشیاء برآمد جبکہ یہاں سے بہترین معیاری مصنوعات درآمد کرسکتا ہے۔
پاکستان ساؤدرن افریقہ بزنس فورم ، جوہانسبرگ کے چیئرمین محمد رفیق میمن کی سربراہی میں جنوبی افریقی تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ روایتی مصنوعات کی تجارت کے ساتھ غیر روایتی مصنوعات کی تجارت کو بھی فروغ دیا جائے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر انفارمیشن ٹیکنالوجی، مائننگ، زراعت اور دیگر شعبوں میں مل کر مشترکہ منصوبہ سازی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کا تبادلہ اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے چیمبرز کے درمیان مضبوط روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ محمد رفیق میمن نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے تاجر پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کو بے چین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بامعنی پارٹنرشپ سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔