نیویارک(این این آئی)عالمی تجارتی نظام میں اصلاحات میں تاخیر کئی اہم معیشتوں کے مابین کشیدگی کا سبب بن رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ، عالمی بینک اور عالمی ادارہ تجارت کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران تجارتی قوانین میں ترامیم نہ ہونے
کے سبب عالمی سطح پر غربت میں کمی ممکن نہ ہو سکی۔ اس رپورٹ کے مطابق زرعی اور خدمات کے شعبوں میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اس صورتحال سے غریب ممالک سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ان تینوں عالمی اداروں نے اصلاحات پر زور دیا ۔ آئی ایم ایف نے یہ تنبیہ بھی کی کہ تجارتی جنگیں عالمی معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔