کراچی(این این آئی)ملک بھر میں گزشتہ ماہ اپریل کے دوران شدید گرمی اور بجلی کے بدترین بحران کے باعث جنریٹرز کے استعمال میں اضافے کے باعث ڈیزل کی در آمد میں بھی اضافہ رہا اور 27فیصد اضافے سے 3لاکھ8ہزار ٹن سے زائد ڈیزل در آمد کیاگیاجبکہ مارچ میں ڈیزل کی در آمد2لاکھ42ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی ۔
انرجی سیکٹر ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ شدید گرمی اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث جنریٹرز کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ،مقامی ریفائنریوں کو پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار بڑھانے کی ہدایات کے بعد گزشتہ ماہ خام تیل کی در آمد5فیصد اضافے سے 9لاکھ77ہزار ٹن سے زائد رہی جس میں سے 3لاکھ29ہزار ٹن خام تیل بائیکو کی سنگل پوائنٹ مورنگ پر در آمد کیا گیا جبکہ مارچ میں خام تیل کی در آمد 9لاکھ29ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی تھی جس میں سے 3لاکھ37ہزار ٹن سے زائد خام تیل بائیکو ریفائنری نے در آمد کیا ،فرنس آئل کی در آمد اپریل میں48ہزار ٹن رہی جو کہ پہلے کے ٹینڈر کے مطابق در آمد کیا گیا ،پٹرول کی در آمد میں گزشتہ ماہ 14فیصد کی کمی دیکھی گئی اور 3لاکھ87ہزار ٹن سے زائد پٹرول در آمد کیا گیا جبکہ مارچ میں پٹرول کی در آمد4لاکھ49ہزار ٹن سے زائد رہی تھی ،طیاروں میں استعمال ہونیوالے ایندھن جیٹ فیول ون کی در آمد معمولی کمی سے 20744ٹن رہی جبکہ مارچ میں20771ٹن جیٹ فیول ون در آمد کیا گیا تھا۔