کراچی(این این آئی)رمضان سے قبل نئی سبزی منڈی میں گاڑیوں کی داخلہ فیس میں 30 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے،جس سے پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق رمضان کے مبارک مہینے سے قبل سبزی منڈی کی مارکیٹ کمیٹی نے پھل اور سبزیاں لانے والے ٹرکوں کی فیس میں 100روپے اور بڑے ٹرالرز کی فیس میں 300روپے اضافہ کردیا ہے۔
سبزی منڈی کی ایکشن کمیٹی کے چیئر مین شائستہ خان اچکزئی نے فیسوں کے اضافے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کی داخلہ فیس میں اضافے کے سبب پھل اور سبزیاں مہنگی ہوجائیں گی۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر کے الیکٹرک نے گزشتہ ماہ سے سبزی منڈی کی بجلی بھی کاٹ دی ہے جس سے لاکھوں روپے کے پھل اور سبزیاں خراب ہونے لگی ہیں۔انھوں نے کہا کہ بجلی کی عدم فراہمی سے کولڈ اسٹوریج بند پڑے ہیں جس سے ہماری ایکسپورٹ متاثر ہوگئی ہے، اگر بجلی جلد بحال نہیں کی گئی تو نقصان بڑھتا جائے گا۔شائستہ اچکزئی نے بتایاکہ منڈی کے تاجرو ں سے مارکیٹ کمیٹی سالانہ کروڑوں روپے کا ٹیکس وصول کرتی ہے لیکن تاجروں کے مسائل حل نہیں کیے جاتے۔ اب اس نے داخلہ فیس میں نا جائز اضافہ کر دیا ہے جس سے مارکیٹ کمیٹی کی آمدنی میں لاکھوں روپے کا اضافہ ہو جائے گا۔انہوں نے سبزی منڈی کے تاجروں سے بھی مطالبہ کیا کہ ہر دوکان پرالگ میٹر نصب کیا جائے تاکہ ہر تاجر اپنے بجلی کے بل کا خود ذمہ دار ہو۔ انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک اور مارکیٹ کمیٹی کی ملی بھگت سے دکانداروں کو میٹر فراہم کرنے کے بجائے کنڈے لگا دیے جاتے ہیں۔