لاہور(سی پی پی) مالی سال 2017-18 کے پہلے 9 ماہ (جولائی 2017 تا مارچ 2018 )کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر کی مد میں 14 ارب 60 کروڑ ڈالر کی رقم بھجوائی گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3 اعشاریہ 56 فیصد زیادہ ہے۔
مارچ 2018 کے دوران بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1772 اعشاریہ 77 ملین ڈالر(لگ بھگ پونے 2 ارب ڈالر)کی رقم بھجوائی جو فروری 2018 کے مقابلے میں 22 اعشاریہ 24 فیصد اور اور مارچ 2017 کے مقابلے میں 4 اعشاریہ 62 فیصد زیادہ ہے۔مارچ 2018 کے دوران سب سے زیادہ زر مبادلہ سعودی عرب سے بھجوایا گیا جو کہ 427 اعشاریہ 62 ملین ڈالر ہے ۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 420 اعشاریہ 24 ملین ڈالر، امریکہ سے 236 اعشاریہ 17 ملین اور برطانیہ سے 244 اعشاریہ 2 ملین ڈالر کی رقوم پاکستان بھجوائی گئیں۔علاوہ ازیں ملائیشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا اور جاپان سے مجموعی طور پر مارچ 2018 میں 201 اعشاریہ 86 ملین ڈالر کی رقوم پاکستان بھجوائی گئیں ، گزشتہ سال مارچ 2017 میں انہی ممالک سے صرف 168 اعشاریہ 32 ملین ڈالر کی رقم پاکستان بھیجی گئی تھی ۔