لاہور ( این این آئی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن خلدون جاویدملک نے بجلی کی فی یونٹ قیمتوںمیں4روپے اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاور ٹیرف میں اضافہ صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، مہنگی بجلی کے باعث صنعتیں پہلے ہی دبائوکا شکارتھی اس پر مستزاد یہ کہ بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ4روپے تک اضافہ کے ساتھ ساتھ گیس کی قیمتوں
میں اضافہ کرکے صنعتی شعبہ پر مزید دبائو ڈال دیا گیا،فی یونٹ4روپے اضافہ اور بجلی بلوں پر14قسم کے ٹیکسز سے پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے بیرون ملک پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی سے ملکی برآمدات جو پہلے ہی کمی کا شکار ہیں میں مزید کمی ہوگی اور تجارتی خسارہ میں اضافہ ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر شفیق اے نقی ،وائس چیئرمین میاں شہریار علی کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خلدون جاوید ملک نے کہا کہ پاور ٹیرف میں اضافہ سے وقتی ریونیو میں تو اضافہ ممکن ہے لیکن اس کے مضر اثرات ملکی معیشت پر پڑیں گے ،برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ میں اضافہ اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا جس سے حکومت کو بیرونی اداروں سے مزید قرض لینا پڑے گا۔انہوںنے کہا کہ بجلی قیمتوں میں اضافہ ملکی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے اور یہ انڈسٹری کی تباہی کا باعث بنے گا اس لیے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔