کراچی(این این آئی)پی آئی اے کی پرواز میں چینی خاتون کو کاک پٹ میں بلانے پر کیپٹن شہزاد کیخلاف تحقیقات مکمل کرکے قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے دیا گیاہے، 3رکنی کمیٹی نے مزید کارروائی کے لئے پی آئی اے انتظامیہ کو رپورٹ پیش کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ پی آئی اے کی پرواز852میں جہاز کے کپتان نے ایک غیر ملکی خاتون کو خلاف قانون کاک پٹ میں بٹھا لیاتھا،
مذکورہ لڑکی جہاز کے ٹیک آف سے لے کر لینڈنگ تک کاک پٹ میں ہی رہی۔ جس پر سول ایوی ایشن نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کاحکم دیا تھا۔تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرکے مزید کارروائی کیلئے پی آئی اے انتظامیہ کے حوالے کردی ہے، رپورٹ کے مطابق کیپٹن شہزاد کو اس خاتون کو کاک پٹ میں بلانے پر قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔کمیٹی کے مطابق خاتون مسافرکو طیارے کی لینڈنگ سے چند منٹ پہلے کاک پٹ میں بلایا گیا، خاتون پروازکی بیجنگ ایئرپورٹ پرلینڈنگ تک کاک پٹ میں ہی موجود رہی۔تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیرمتعلقہ فرد کی کاک پٹ میں موجودگی پر پابندی عائد ہے، کیپٹن شہزاد عزیز کے اس عمل سے قومی ائیرلائن سمیت ملکی ساکھ بھی بے حد متاثر ہوئی ہے، اس اقدام سے مسافروں اورطیارے کو خطرات لاحق ہوئے۔رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ کیپٹن کیخلاف سی اے اے قوانین کے تحت ڈسپلنری کارروائی کی جائے، پروازمیں تعینات خاتون سینئر پرسر کیخلاف بھی ڈسپلنری کارروائی کی جائے۔تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہناز بی بی نے واقعے سے متعلق غلط بیانی پرمبنی بیان دیا، شہنازبی بی نے تحقیقاتی کمیٹی کو گمراہ کرنے کی بھی کوشش کی۔