بیجنگ(آئی این پی ) ون بیلٹ ون روڈ کے علمبردار منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) کی بنیاد چین اور پاکستان کے مابین پانچ اہم اصولوں پر قائم ہے۔معروف چینی اخبار شنگھائی ڈیلی کے مطابق سیاسی شرائط عائد نہ کرنا، ترقی پذیر ممالک کو خودمختار بنانا ،مساوی بنیادوں پر کام کرنا ، مشترکہ خوشحالی وباہمی مفاد ،حقیقت پسندی اور اصلاحات وجدت پر توجہ مرکوز رکھنا بنیادی اصول ہیں۔مذکورہ اصولوں کی بنیاد پر انفراسٹرکچر کے منصوبے طویل المدتی نتائج کی بنیاد پر قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ مالیاتی بحران پر قابو پایا جا سکے۔
ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ کے تحت وسیع ترین گرانٹس، امداد اور قرضوں سمیت سرمایہ کاری فراہم کی جا رہی ہے۔چین ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ سے منسلک ممالک میں سرمایہ کاری کر رہا ہے مثال کے طور پر پاک چین اقتصادی راہداری کے لئے چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جا رہا ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کے تحت سی پیک میں سرمایہ کاری ،امداد، گرانٹس اور مشترکہ معاشی شراکت داری شامل ہیں اگرچہ ابھی بھی چیلنجز کا سامنا ہے جس کے تحت ون بیلٹ ون روڈ ممالک میں مالیاتی انتظام کا شفاف اور مساوی بنیادوں پر لاگو ہونا ہے۔منصوبہ کے تحت جدت اور ٹیکنالوجی کے شعبہ کو زیادہ توجہ نہیں دی گئی جبکہ تیسری اہم بات ترقی پذیر ممالک کی استعداد کار اور اہلیت بھی ایک بڑا چیلنج بن کے سامنے آئی ہے۔