اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف وفاقی دارلحکومت کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح رواں سال 14 اگست کو کرینگےجبکہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کو نئے ایئرپورٹ سے لنک کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔وفاقی وزیرترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے نئے ایئرپورٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایک سفید ہاتھی تھا جس پر اب تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ایئرپورٹ پر کام کا آغاز 2006 میں ہوا تاہم 2013 تک صرف 45 فیصد ہی مکمل ہو سکا ۔انہوں نے بتایاکہ موجودہ دور حکومت میں منصوبے تیزی سے کام ہوا۔ اُمید ہے وزیراعظم نواز شریف رواں سال ملک کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر نئے ایئرپورٹ کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں تاخیر کے باعث منصوبے کی لاگت بڑھ کر 82 ارب روپے تک پہنچ گئی۔احسن اقبال نے مزید بتایاکہ ایئرپورٹ مکمل ہونے کے بعد میٹرو منصوبے میں توسیع کا کام شروع کر دیا جائے گااور نئے ایئرپورٹ سے سالانہ تقریبا ایک کروڑ مسافر استفادہ کرینگے ۔