کراچی (این این آئی)بھارت نے فوری طور پر پاکستان سے کپاس کی نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی خریدنا شروع کر دی ،پاکستان سے بڑے پیمانے پر بھارت کو روئی کی برآمد شروع ہوگئی ہے ۔ذرائع کے مطابق سندھ کے کاٹن جنرز نے ابتدائی طور پر بھارتی ٹیکسٹائل ملز مالکان کے ساتھ 2 ہزار 500 ٹن (15600 بیلز) سے زائد روئی کے برآمدی سودوں کو حتمی شکل دی ہے اور توقع ہے کہ کراچی کے راستے بھارت کو اس روئی کی برآمد آئندہ چند روز کے دوران شروع ہو جائے گی ۔چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ یہ سودے 69 سے 72 سینٹ فی پاؤنڈ تک طے پائے ہیں اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران بھارت کے ساتھ مزید روئی کے برآمدی سودے طے پائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ بھارت میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی اور رواں سال کپاس کی کاشت پچھلے 7 سال کے مقابلے میں کم ترین سطح صرف 11ملین ہیکٹر رقبے پر کاشت ہونے کی اطلاعات کے باعث بھارت نے فوری طور پر پاکستان سے کپاس کی نئی فصل سے تیار ہونے والی روئی خریدنا شروع کر دی ہے جس سے آئندہ چند روز کے دوران پاکستان میں بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان متوقع ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھارت میں روئی کے سپاٹ ریٹ پچھلے 5 سال کی بلند ترین سطح 40 ہزار 240 روپے فی کینڈی تک پہنچ گئے تھے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران بھارت میں روئی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آئے گا ۔