اسلام آباد (نیوز ڈیسک)رواں مالی سال 2015-16ءمیں جولائی تا جنوری میں 7ماہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 10.39فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی 2015ءتا جنوری 2016ءکے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 43کروڑ 32لاکھ 76ہزار ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال 2014-15ءکے اسی عرصہ کے دوران موبائل فونز کی ملکی درآمدات کا حجم 39کروڑ 24لاکھ93ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق دسمبر 2015ءکے مقابلہ میں جنوری 2016ءکے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 13.37فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور موبائل فونز کی دسمبر 2015ءکی درآمدات 6کروڑ 73لاکھ 15ہزار ڈالر کے مقابلہ میں جنوری 2016ءمیں 5کروڑ 82لاکھ 13ہزار ڈالر تک کم ہوگئیں۔ اسی طرح جنوری 2015ءکے مقابلہ میں جنور ی2016ءکے دوران برآمدات کا حجم میں 29.57فیصد کے اضافہ سے درآمدی بل 4کروڑ 49لاکھ 29ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں میں ٹیلی کام کی مجموعی ملکی درآمدات میں 5.50فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور درآمدات کا حجم 84کروڑ 67لاکھ 13ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 80کروڑ ایک لاکھ 27ہزار ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ دسمبر 2015ءکے مقابلہ میں جنوری 2016ءکے دوران ٹیلی کام کی درآمدات میں بھی 15.72فیصد کی کمی سے درآمدی بل 12کروڑ 43لاکھ ایک ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 10کروڑ 47لاکھ 61ہزار ڈالر تک کم ہوگیا۔ موبائل فونز کی درآمدات کے حجم میں ہونے والی کمی کے باعث قیمتی زرمبادلہ کی بچت سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔