اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کا بجٹ ستائیس مئی کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ابتک کو حاصل ہونے والے بجٹ کال سرکلر 2016-17 کی دستاویزات کے مطابق وزیر خزانہ ستائیس مئی کو بجٹ وفاقی کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کریں گے اور اسی روز کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی مئی کے پہلے ہفتے طلب کرلیا ہے جس میں وفاقی ترقیاتی بجٹ اور اقتصادی ترقی کے اہداف مقرر کیے جائیں گے۔ ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کے لیے ترجیحات کمیٹی کا اجلاس اپریل کے پہلے ہفتے جبکہ ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کے لیے ترجیحات کمیٹی کا اجلاس اپریل کے آخری ہفتے میں ہوگا۔ وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ سٹریٹجی پیپر منظوری کے لیے فروری کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا۔