الریاض(نیوزڈیسک)سعودی عرب کی بڑی تعمیراتی کمپنی بن لادن گروپ اپنے ملازمین کی تعداد میں پندرہ ہزار کی کمی کررہی ہے لیکن اس سے بن لادن گروپ کے زیر عمل تعمیراتی منصوبوں پر جاری سرگرمیوں پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔سعودی عرب کی ایک مقامی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت بن لادن گروپ کے کل ملازمین کی تعداد قریباً دو لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ ایک سعودی ذریعے کے حوالے سے بن لادن گروپ میں ملازمین کی چھانٹیوں کی اطلاع دی گئی ہے لیکن اس کی جانب سے الریاض ،جدہ اور دبئی میں واقع کمپنی کے دفاتر سے رابطہ کرنے پر ملازمین کی تعداد میں کمی کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔سعودی عرب کی تعمیراتی صنعت سے وابستہ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ مملکت کا تعمیراتی شعبہ بہت نرم ہے اور عمومی طور پر اس میں غیریقینی کی صورت حال پائی جاتی ہے ۔اس لیے یہ اندازہ لگانا بہت مشکل ہوتا ہے کہ کس منصوبے پر پہلے توجہ مرکوز کی جائے گی کیونکہ کمپنیوں کو بھی کوئی یقین نہیں ہوتا ہے کہ کون سا منصوبہ کب شروع کیا جائےگا اور اس کو کتنے عرصہ میں پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا۔ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ بن لادن گروپ سے پندرہ ہزار ملازمین کو فوری طور فارغ کیا جارہا ہے اور باقی کو عارضی طور پر جدہ میں اربوں ڈالرز مالیت کے ہوائی اڈے کی تعمیر کے منصوبے پر منتقل کردیا جائےگا۔