کراچی(نیوز ڈیسک ) ملک میں رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.79 فیصد کے اضافے سے 11.398 ملین ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں10.981 ملین ٹن تھی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران مقامی فروخت 8سال کی بلند ترین شرح 14.38 فیصد کے نمایاں اضافے سے 9.37ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 8.192ملین ٹن تھی تاہم سیمنٹ کی ایکسپورٹ 27.31فیصد گھٹ کر2.028 ملین ٹن تک محدود ہوگئی جو گزشتہ برس کی اسی مدت میں 2.790 ملین ٹن تک پہنچ گئی تھی۔اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں مقامی فروخت23.89 فیصد اضافے سے 2.595ملین ٹن، برآمدات 27.52 فیصد کمی سے 5لاکھ 28ہزار ٹن جبکہ مجموعی فروخت (مقامی کھپت پلس ایکسپورٹ) 10.61 فیصد کے اضافے سے 3.124 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق شعبے کی مجموعی فروخت میں مقامی کھپت کا حصہ 80 فیصد ہوگیا ہے جو 2008-09 میں 50 فی صد تھا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں