کراچی(نیوز ڈیسک)ایل این جی درآمد کے لئے پورٹ قاسم کا چینل تیار نہ ہو سکا جس کی وجہ سے ایل این جی کی درآمد میں تاخیر کا امکان ہے۔سوئی ناردرن گیس کمپنی ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کی انتظامیہ نے وزارت پٹرولیم کو آگاہ کیا ہے کہ 25 مارچ کو جس جہاز کے ذریعے ایل این جی درآمد کی جارہی تھی اس کے لئے پورٹ کا چینل تیار نہیں ہو ا اور لنگر انداز نہیں ہو سکتا جبکہ اس مقام پر سمندر میں کئی تیز موڑ ہیں انھیں ختم کرنا اور جگہ کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ یہ تمام کام مون سون سیزن سے پہلے کرنا پڑے گا، وگرنہ مزید تاخیر ہو سکتی ہے اور ایل این جی نہ آنے سے پاور سیکٹر کو دھچکا لگے گا اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانا ممکن نہیں ہو سکے گا۔اس صورتحال کی وجہ سے وزارت پٹرولیم کے دعوے کہ گیس اور بجلی کا فرق ایل این جی سے پورا کریں گے درست ثابت ہوتا نظر نہیں آرہا جبکہ چھوٹے جہازوں پر ایل این جی لانے سے ٹرانسپوٹیشن کے اخراجات بھی بڑھنے کا امکان ہے۔