لاہور سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے پی آئی اے کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے ایئرنیوی گیشن کے ایک کروڑ دس لاکھ ریال کے بل ادا نہیں کیے گئے تو پی آئی اے کا موسمِ گرما کا شیڈول منظور نہیں کیا جائے گا۔ پی آئی اے کی انتظامیہ کو جاری کیے گئے ایک خط میں سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے بقایاجات کا جلد از جلد انتظام کرنے پر زور دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عدم ادائیگی کی صورت میں پی آئی اے کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے، جس میں سعودی عرب میں پی آئی اے کے آپریشن کی معطلی بھی شامل ہے۔ دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان حنیف رانا نے ڈان کو بتایا کہ یہ رقم قسطوں میں ادا کردی جائے گی اور ’’اس معاملے پر سعودی عرب میں پی آئی اے کا آپریشن معطل نہیں کیا جائے گا۔‘‘ تاہم پی آئی اے میں موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی ایوی ایشن اتھارٹی نے ’قسطوں میں ادائیگی‘ کے حوالے سے قومی پرچم بردار ایئرلائن کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’پی آئی اے کی انتظامیہ کی تمام درخواستیں سعودی اتھارٹی کی جانب سے اس ہدایت کے ساتھ مسترد کردی گئی ہیں، کہ مکمل رقم کی ادائیگی ایک ہفتے کے اندر اندر کی جائے۔‘‘ قومی ایئرلائن کے پاس چند منافع بخش روٹس موجود ہیں، اور جدّہ ان میں سے ایک ہے۔ اس سے پہلے سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں تاخیر اور حج سیزن کے دوران جدّہ ایئرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی کے لیے پی آئی اے پر جرمانہ عائد کیا تھا۔ ایک جرمانہ آپریشن کو منظم کرنے کے حوالے سے پی آئی اے کے اپنے عہد کو پورا کرنے میں ناکامی پر عائد کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا ’’جدّہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے ساتھ بدسلوکی اور شیڈول پر عدم عملدرآمد کی بھی رپورٹ کی گئی تھی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے جدہ ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر ’’پروازوں کی منسوخی، فلائٹ شیڈول کی بدانتظامی اور بکنگ کے دوران مسافروں میں افراتفری‘‘ کے ذریعے خلل پیدا کرنے پر پی آئی اے کو نوٹسز جاری کیے تھے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں